وزیراعلیٰ سندھ کی چیف سیکرٹری کو صوبائی پولیس کیڈر بنانے کی ہدایت

November 27, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری کو صوبائی پولیس کیڈر بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ گریڈ 21 تک افسران کی کمی کو پورا کیا جا سکے،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے صوبائی سروس کو مزید مضبوط کرنے اور صوبائی پولیس کیڈر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبائی حکومت کا پی اے ایس اور پی ایس پی افسران کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت پر انحصار کو کم کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر) کے زیر اہتمام پہلے ایم سی ایم سی کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز شاہ، سیکریٹری ٹی ایم آر تمیز الدین کھیڑو، صوبائی سیکریٹریز اور ٹی ایم آر کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔