نئے جنوبی افریقی کورونا وائرس ’اومی کرون‘ کی ویکسین کی تیاری کا دعویٰ

November 27, 2021


دنیا بھر کی بڑی دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے تیزی سے منتقل ہونے والے تباہ کن کورونا وائرس کے جنوبی افریقی نئے ویرینٹ ’اومی کرون‘ کی ویکسین کی تیاری اور جانچ کے دعوے سامنے آ رہے ہیں۔

جرمن دوا ساز کمپنی بایو این ٹیک کا کہنا ہے کہ 100 دنوں میں کورونا ویکسین کا تازہ ترین ورژن تیار کر کے شپمنٹ کر سکتے ہیں۔

بایو این ٹیک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ فائزر کمپنی کے ساتھ تیار کی جانے والی کورونا وائرس کی ویکسین کی اومی کرون کے خلاف مؤثریت کی جانچ جاری ہے، جس کا 2 ہفتوں میں پتہ چل جائے گا۔

ادھر امریکی کمپنی موڈرنا نے بھی کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے لیے بوسٹر ویکسین کی تیاری کا اعلان کر دیا۔

جانسن اینڈ جانسن کمپنی نے بھی اومی کرون ویرینٹ کے خلاف اپنی کورونا ویکسین کی مؤثریت جانچنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے خلاف جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی افادیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ادھر ایسٹرازینیکا کمپنی کی جانب سے کورونا ویکسین کے اومی کرون ویرینٹ کے خلاف کارکردگی دیکھنے کے لیے تحقیق کی جا رہی ہے۔

ایسٹرازینیکا کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بوٹسوانا اور ایسواٹینی میں اومی کرون ویرینٹ کے خلاف کارکردگی دیکھنے کے لیے تحقیق کر رہے ہیں۔