کورونا کی نئی قسم نے دنیا میں پنجے گاڑنا شروع کردیے

November 28, 2021

کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومی کرون‘ نے دنیا میں پنجے گاڑنا شروع کردیے۔

ڈیلٹا ویرینٹ سے دُگنی رفتار سے پھیلنے والے وائرس نے کئی ملکوں کو خوف زدہ کردیا ہے۔

جنوبی افریقہ سے سر اٹھانے والا وائرس برطانیہ، جرمنی، بیلجیم، اٹلی اور چیک ری پبلک کے بعد آسٹریلیا پہنچ گیا، جنوبی افریقہ سے سڈنی آنے والے دو مسافروں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

کورونا وائرس کی نئی قسم نیدر لینڈ بھی پہنچ گئی، جہاں پہنچنے والے61 مسافروں میں سے 13 اومی کرون کے مریض نکلے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے عوامی مقامات اور سفر کے دوران ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا،دوسری طرف ڈنمارک میں بھی 2 کیس رپورٹ ہوئے۔

سعودی عرب نے مزید 7 افریقی ملکوں پر سفری پابندیاں لگادی ہیں،مراکش نے 2 ہفتوں تک فضائی آپریشن بند کردیادوسری طرف اسرائیل نے بھی غیر ملکیوں کی آمد روک دی ہے۔

جنوبی افریقی حکومت کا کہنا ہے کہ غیر ویکسین شدہ افراد بیمار ہوئے، وائرس کی واحد علامت پٹھوں میں درد اور تھکاوٹ ہے، مریض اسپتال جائے بغیر صحتیاب ہورہے ہیں۔