تاجر کل وزیراعظم آفس کے سامنے دھرنا دینگے، انجمن تاجران پاکستان

November 29, 2021


صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لاگو تمام قوانین مسترد کرتے ہیں، تاجرکل وزیراعظم آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔

انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوائنٹ آفس سیل سسٹم کا نفاذ نہ ممکن ہے، مشیر خزانہ جب سے آئے ہیں عوام اور تاجروں کو تباہ کر دیا ہے،عام آدمی مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی، پشاور سمیت ملک بھر سے تاجر کل اسلام آباد میں اکھٹے ہونگے۔

ان کاکہنا تھا کہ چھوٹے تاجروں کی سیل ٹیکس رجسٹریشن کا کام نہ ممکن ہے، 80لاکھ تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس کا نظام لاگو کیا جائے۔

اجمل بلوچ نے کہاکہ جب تک وزیراعظم ہماری بات نہیں سنتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا،سیلزٹیکس جب ہم نے دینا نہیں تو ہماری رجسٹریشن کیوں ضروری ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ مشیر خزانہ میرے ساتھ مناظرہ کرلیں، قائل ہوجائیں یا مجھے قائل کرلیں۔