پاکستانی سپنر ظفر گوہر گلوسٹر شائر کے پورے سیزن کیلئے منتخب

December 04, 2021

لندن (پی اے) گلوسٹرشائر نے پاکستانی سپنر ظفر گوہر کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر سال 2022ء کے مکمل سیزن کیلئے منتخب کرلیا ہے۔ 26 سالہ ظفر گوہر نے کائونٹی چیمپئن شپ کے آخری 4میچز میں صرف 14.35 کے اوسط سے 20وکٹیں حاصل کیں۔ ظفر گوہر نے کلب کی ویب سائٹ پر کہا کہ اس برس کائونٹی کرکٹ کھیلنا اور گلوسٹرشائر سےڈیبیوٹ کرنا میرے اس عزم کا اظہار ہے، جس کے میں خواب دیکھتا تھا، گلوسٹرشائر کی شرٹ پہننا اور جیتنے والی ٹیم کا حصہ ہونا انگلینڈ میں اپنے کیریئر کاایک بہترین آغاز ہے۔ گلوسٹر شائر کے پرفارمنس ڈائریکٹر سٹیو سنیل نے کہا کہ اگلے سیزن کیلئے ظفر کی اپنے کلب میں موجودگی ہمارے لئے سنسنی خیز ہے، اس نے اپنی پرفارمنس سے ثابت کیا کہ اس میں کتنا ٹیلنٹ ہے۔