نیب PTI کا آلہ کار بن کر اپوزیشن کیخلاف کارروائیاں کررہا ہے، بلاول

December 04, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیب کے ہاتھوں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آغا سراج درانی کو پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک سچا جمہوری کارکن ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب کی مداخلت کی وجہ سے آج نہ صرف ملکی اقتصادی سرگرمیاں ماند پڑچکی ہیں بلکہ انتظامی ادارے بھی اپنا بھرپور فعال کردار کو ادا نہیں کر پا رہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب پی ٹی آئی کا آلہ کار بن کر اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں کررہا ہے، ہم یہ ظلم برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب ایک جمہوری عمل ہے تاہم احتساب کی آڑ میں انتقامی کارروائیاں جمہوریت کے لئے تباہ کن ثابت ہوں گی۔