ذاتی گاڑیوں پرسرکاری نمبر پلیٹ ریوالونگ لائٹ لگانے کے الزام میں مقدمہ

December 08, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ گنجمنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما کے خلاف ذاتی گاڑیوں پرسرکاری نمبر پلیٹ، ریوالونگ لائٹ اور سائرن لگانے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے گرفتارکرلیا۔ ایف آئی آردرج کراتے ہوئےٹی اے ایس آئی محمد عمر صدیق نے بتایاکہ مخبر نے بتایاکہ چودھری ناصف عرف گورو اپنی گاڑیوں پر سرکاری لائٹس اور سائرن کا استعمال کرتا ہے اوراس کی تشہیر سوشل میڈیا پر کرتا ہے جو کہ اس وقت اپنی گاڑی میں ناولٹی پلازہ کے قریب موجود ہے ۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو گاڑی میں موجود شخص نے گاڑی بھگا دی جبکہ دوسرے شخص نے اپنا تعارف ناصف محمود کروایا ۔ پولیس نے گاڑی پر ریوالونگ لائٹس، سائرن اور سرکاری نمبر پلیٹ کا اجازت نامہ طلب کیا جو وہ پیش نہ کر سکا۔مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شخص نے پرائیویٹ لینڈ کروزراور سلور رنگ کے ڈالے پر سرکاری لائٹس،سائرن اورسرکاری نمبر پلیٹ لگا کرسوشل میڈیا پر ان کی تشہیر کر کے حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔ ادھر ذرائع کے مطابق پولیس نے گاڑی قبضہ میں لینے کے بعد چھوڑ دی ۔