سال رواں 3ہزار سرچ آپریشنز،اشتہاریوں سمیت ہزاروں افراد گرفتار

December 08, 2021

پشاور( کرائم رپورٹر) سٹی پولیس کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطردیگر اقدامات سمیت سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے جن کے تحت رواں سال کے دوران 2ہزار9سو آپریشنز کئے گئے ہیں، مصدقہ اطلاعات پر ہونے والے آپریشنز میں پاک آرمی، لیڈیز پولیس، سپیشل کمبیٹ یونٹ، بی ڈی یو، سنیفر ڈاگز ٹیموں نے بھی حصہ لیا، آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں ناکام بنانا تھا جن کے دوران گھروں، ہوٹل و سرائے اور نجی ہاسٹلز سمیت دیگر نجی املاک سے مختلف جرائم میں ملوث 9 ہزار سے زائد افراد کوحراست میں لیا گیا ہے، خصوصی کارروائیوں کے دوران 1133 اشتہاری ملزمان سمیت منشیات کے دھندے میں ملوث 3392 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 14 ہزار سے زائد مشکوک افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے، اسی طرح پانچ سو سے زائد افغان مہاجرین سمیت نامکمل کوائف پر 8 ہزار 4 سو سے زائد غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے،خصوصی سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے دوران اشتہاری مجرمان کو پناہ دینے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث سینکڑوں افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر2500 سے زائد مختلف قسم کا اسلحہ ،52 کلو گرام آئس، 687 کلوگرام چرس، 43کلو گرام افیون، 40 کلو گرام ہیروئن اور سینکڑوں بوتل شراب بھی برآمدکی گئی ہے سی سی پی او عباس احسن نے ہیومن انٹیلی جنس کو مزید فعال کرنے اور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے سلسلہ کو مزید موثر بنانے کی جبکہ اندرون شہر اور نواحی علاقوں میں یکساں کارروائیوں کی ہدایت کی ہے، سی سی پی او نے سرچ اینڈ سٹرائیک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رواں سال سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے دوران کریمینل ریکارڈ ویریفیکشن سسٹم کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا ہے جن کے دوران پولیس کو مطلوب متعدد انتہائی خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے میں مدد ملی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چاروں ڈویژنل ایس پیز کو خصوصی ٹاسکس حوالہ کئے گئے ہیں جن کی روشنی میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔