• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی: برج خلیفہ پر آسمانی بجلی گرنے کی ویڈیو وائرل

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے دوران دبئی میں ایک غیر معمولی منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آسمانی بجلی آ گری۔

جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے کی مختصر ویڈیو دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے وزیرِ دفاع، شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے شوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

دبئی کے ولی عہد کی جانب سے شیئر کی گئی اس نایاب لمحے کی مختصر ویڈیو میں برج خلیفہ کو گھنے بادلوں سے گھرے سبز آسمان کے پس منظر میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں بجلی عمارت کی اوپر منزل سے ٹکراتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

یہ ویڈیو اس اعلان کے چند گھنٹے بعد شیئر کی گئی، جس میں شیخ حمدان نے شہریوں کو آنے والے دنوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تھی۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق جمعرات 18 دسمبر کو یو اے ای میں ’البشائر‘ کے نظام کا کم دباؤ شروع ہوا۔ جمعرات کے روز شارجہ اور راس الخیمہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔

این سی ایم کے مطابق بحیرۂ احمر سے سطحی کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث یو اے ای غیر مستحکم موسمی صورتحال کی زد میں ہے، جس کے نتیجے میں مختلف بادل بنیں گے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری موسمی انتباہات پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔