پاک بنگلادیش ٹیسٹ کا آج آخری دن، کیا نتیجہ نکل پائے گا؟

December 08, 2021

ڈھاکا میں کھیلے جانے والے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آج آخری دن ہے۔ کپتان بابر اعظم کے ڈیکلیریشن کے فیصلے اور اسپنر ساجد خان کی تباہ کن بولنگ نے آج ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کے لیے جیت کی امید پیدا کردی ہے۔

بنگلادیش آج اپنی اننگز 76 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کریگا۔ ہوم ٹیم کے آخری چار کھلاڑیوں کے لیے پہلا ہدف اپنی ٹیم کو فالو آن سے بچانے کے لیے مزید 25 رن بنانا ہوگا۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلادیش نے 7 وکٹ کے نقصان پر 76 رنز بنالئے تھے۔ پاکستان کے ساجد خان نے 12 اوورز میں 6 وکٹ حاصل کرلی ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 300 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیر کردی تھی۔ عابد علی 39، عبداللّٰہ شفیق 25، اظہر علی 56 اور بابر اعظم نے 76 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے اننگ ڈیکلیر کرتے وقت فواد عالم 50 اور محمد رضوان 53 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔