بیٹی نے کار کی ڈِگّی میں چُھپ کر والد کو حیران کردیا

December 12, 2021

کرسمس سے قبل بیٹی نے کار کی ڈگی میں چُھپ کر اپنے بوڑھے والد کو انوکھا سرپرائز دے دیا۔

عیسائی مذہبی تہوار ’کرسمس‘ بہت قریب ہے جس کے لیے دُنیا بھر میں موجود عیسائی برادری خوب تیاری کررہی ہے اور ساتھ ہی اپنے گھروں سے دور افراد بھی اپنے پیاروں کے پاس واپس جارہے ہیں تاکہ یہ تہوار اپنے اہلخانہ کے ساتھ منا سکیں۔

اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک بیٹی نے کرسمس کی خصوصی چھٹی سے پہلے گھر آکر اپنے والد کو حیران کیا۔


ویڈیو میں ایک بوڑھے شخص کو کار کی ڈگی کھولتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جیسے ہی وہ اسے کھولتا ہے تو وہ اندر کسی کو بیٹھا دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے۔

تاہم، اس کی حیرانگی جلد ہی خوشی میں بدل جاتی ہے جب اسے معلوم ہوتا ہے کہ یہ اس کی بیٹی ہے۔

ویڈیو میں قید لمحہ واقعی دل چُھو لینے والا تھا جب اُس شخص کی بیٹی نے اپنے بوڑھے والد کو ’ہیلو ڈیڈ‘ کہا اور پھر گاڑی سے باہر آکر انہیں گلے سے لگالیا۔

اس کے بعد باپ اور بیٹی کے درمیان ایک جذباتی ملاپ تھا، بوڑھا والد بیٹی کے گلے لگ کر خوب رویا۔