سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا، فواد چوہدری

December 16, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہسانحہ اے پی ایس کے شہدا نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا، 16دسمبر کا دن آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے پی ایس کے شہداء کی برسی کے موقع پر کہا کہ سات برس گزرنے کے باوجود آج بھی ہم سانحہ اے پی ایس کو نہیں بھول سکے، بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، اس دن کو یاد کرکے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہبحیثیت قوم ہم نے دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے طویل سفر طے کیا، ہم دیرپا امن اور ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ دعا ہے کہ ﷲ تعالیٰ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے درجات بلند کرے، ﷲ تعالی شہدا کے اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کی صبح دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے 132 طالبِ علموں سمیت 141 افراد کو شہید کردیا تھا۔