سعودی عرب کی جانب سے افغانستان کے لیے 65 ٹن سے زائد امدادی سامان

December 16, 2021

سعودی عرب نے انسانی امداد پر مشتمل دو طیارے افغانستان روانہ کردیے۔

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق کنگ سلمان انسانی امداد اور ریلیف سینٹر نے 65 ٹن سے زائد امداد افغانستان بھیجی ہے جس میں 1647 کھانے کی اشیا پر مشتمل باسکٹس شامل ہیں۔

سعودی عہدیدار کا کہنا ہے کہ سعودی فضائی راہداری کے ذریعے 6 طیارے افغانستان کو 197 ٹن سے زائد امداد فراہم کریں گے اور پاکستان سے زمینی راستے سے بھی 200 ٹرکوں پر امداد افغانستان پہنچائی جائے گی۔

اس سال اگست میں طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کی جانب سے افغانستان بھیجی جانے والی یہ پہلی امدادی کھیپ ہے۔

اس سے قبل منگل کو ریاض میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ افغان عوام کے لیے بین الاقوامی امدادی کوششوں میں انسانی امداد میں حصہ ڈالا جائے تاکہ افغان عوام کی معاشی حالات میں بہتری آئے۔