ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، ایک جیت کیساتھ پاکستان سیمی فائنل میں

December 19, 2021

ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی میں پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپینز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف پہلے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، بلکہ 13ویں منٹ میں ایک گول کی برتری بھی حاصل کرلی، لیکن اگلے ہی منٹ میں ندیم احمد نے گول بنا کر مقابلہ برابر کر دیا۔

پھر دوسرے کوارٹر میں ٹیم پاکستان نے حریف ٹیم کے گول پر متعدد حملے کرتے ہوئے پے در پے 3 گول داغ دیے۔

تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم اٹیک کرتی رہی اور مزید دو گول کر دیے جبکہ میزبان ٹیم نے بھی ایک گول بنایا، لیکن میچ پاکستان نے چھ دو سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ندیم احمد اور اعجاز احمد نے دو دو گول بنائے۔

پاکستان نے بنگلادیش کو 2-6 سے زیر کیا - فوٹو: اے ایف پی

واضح رہے کہ یہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2021 میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بھی بنالی۔

ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی کوریا سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور جاپان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔