بھارت: فلسطین کی حمایت پر اسکول پرنسپل عہدے سے برطرف

May 08, 2024

تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی اسکول انتظامیہ نے اپنی پرنسپل کو فلسطین کی حمایت کردہ پوسٹ لائک کرنے پر ملازمت سے فارغ کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے معروف اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا نیا واقعہ پیش آیا ہے۔

اسکول انتظامیہ نے اپنی پروین شیخ نامی پرنسپل کو ملازمت سے یہ کہتے ہوئے برطرف کر دیا کہ انہوں نے مسئلہ فلسطین اور حماس اور اسرائیل کے جاری حالیہ تنازع کے دوران فلسطین کی حمایت کردہ پوسٹ لائک کی ہے۔

اسکول انتظامیہ نے 2 مئی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پروین شیخ کی ذاتی سوشل میڈیا سرگرمیاں تعلیمی ادارے کی قدروں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پروین شیخ کو عہدے سے اس وقت تک کے لیے مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے جب تک انتظامیہ ان کے اس اقدام کی تحقیقات مکمل کرتی ہے۔

انتظامیہ نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اسکول پرنسپل کو عہدے سے برطرف کردیا۔

پرنسپل پروین شیخ نے اسکول انتظامیہ کے سیاسی عزائم پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے برطرفی کو مکمل طور پر غیر قانونی، سخت اور غیر ضروری عمل قرار دیا ہے۔

پروین شیخ اس اسکول سے گزشتہ 12 برس سے وابستہ تھیں جبکہ 7 برس سے پرنسپل کے عہدے پر فائض تھیں۔