فلم نگر ی میں محمد رفیع، کشور کمار سے متعلق مغالطہ دور ہوگیا

December 25, 2021

شہرہ آفاق گیت کار محمد رفیع کے صاحبزادے نے والد اور کشور کمار سے متعلق فلم انڈسٹری میں پائی جانے والی غلط فہمی کو دور کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد رفیع نے فلم انڈسٹری میں ماضی کے موسیقی کار آنجہانی کشور کمار اور محمد رفیع مرحوم کے ایک دوسرے کے حریف ہونے کے نظریے کو غلط قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشور کمار اور محمد رفیع ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ اچھے دوست تھے۔

میڈیا رپورٹکے مطابق شاہد رفیع نے کشور کمار اور محمد رفیع کے تعلقات سے متعلق عرصہ دراز سے فلم نگری میں زیر گردش افواہوں پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ والد صاحب نے کبھی بھی کشور کمار سے متعلق کوئی بری بات نہیں کی، دونوں ہی بہت اچھے دوست تھے۔

ایک انٹرویو میں شاہد رفیع کا کہنا تھا کہ کشور دا میرے والد کی بہت عزت کرتے تھے، والد صاحب بھی کشور کمار کے ساتھ گانوں کی ریکارڈنگ پسند کرتے تھے اور ہمیں گھر آکر بتاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدصاحب ایک ترنگ میں کہتے تھے کہ آج بہت مزہ آیا، کشور کمار کے ساتھ گانا گایا۔

محمد رفیع کے صاحبزادے نے یہ بھی بتایا کہ جب والد صاحب لندن میں تھے اور کشور کمار ایک کنسرٹ کے سلسلے میں وہاں گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ والد صاحب نے لندن میں ہی کشور کمار صاحب کو کھانے پر مدعو کیا تو وہ بھی وقت نکال کر آئے، شام سے شروع ہوئی گپ شپ میں وقت اتنا اچھا گزرا کہ رات بیتنے کا پتا ہی نہ چلا۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں کشور کمار کے بیٹے گلوکار امیت کمار نے کہا تھا کہ جب 31 جولائی 1980 ء کو محمد رفیع کا انتقال ہوا تو والد صاحب رونے لگے اور محمد رفیع کے پاؤں سے لپٹ گئے تھے، اُن کے انتقال کے 7 سال بعد کشور کمار بھی دل کا دورہ پڑنے کے باعث جہاں فانی سے کوچ کرگئے۔

محمد رفیع اور کشور کمار نے پہلی بار فلم بھاگم بھاگ میں ساتھ گانا گیا اور پھر اس جوڑی نے 30 سے زائد نغموں میں ساتھ کام کیا، جن میں فلم ’یادوں کی بارات‘ کا ٹائٹل ٹریک بھی شامل ہے۔