کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے پاکستان پہنچ گئی

December 27, 2021

فوٹو: فیضان لاکھانی / ٹوئٹر

برمنگھم میں ہونیوالے کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے پاکستان پہنچ گئی، کراچی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاؤسن نے بیٹن باضابطہ طور پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشین کے حوالے کی۔

برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے کا آغاز 7 اکتوبر کو بکنگھم پیلس میں ہوا، بیٹن افریقہ جزیرے سیشلز سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچی جہاں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنرمارٹن ڈاؤسن نے بیٹن باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کردی۔

اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے کہا کہ کوئنز بیٹن ریلے کا پاکستان آنا خوشی کی بات ہے، یہ پاکستان اسپورٹس کے لیے بڑا دن ہے۔

برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاؤسن نے کہا کہ وہ بیٹن ریلے کے پاکستان آنے پر خوش ہیں، امید ہے اگلے دو روز اچھے ایونٹس ہوں گے۔

کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن عارف حسن نے وصول کرنے کے بعد جہانگیر خان کے حوالے کیا، پھر حسن سردار، رشید الحسن، کلثوم ہزارا، مہر اللّٰہ، ارشد حسین اور بہرام آواری نے بیٹن کو تھاما۔ پاکستان کے اسپیشل اور پیرا ایتھلیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کراچی میں بیٹن تین دن موجود رہے گی، کوئنز بیٹن ریلے کل صبح سندھ مدرستہ الاسلام لے جائی جائے گی جس کے بعد دوپہر ایک بجے مزار قائد اعظم لے جایا جائے گا۔

بدھ کو بیٹن ریلے کراچی کے ایک مقامی اسکول اور لیاری کے ایک پارک لے جائی جائے گی۔