متروکہ وقف املاک بورڈ کی 15 ارب مالیت کی جائیدادیں واگزار کروالی ہیں، ایف آئی اے پنجاب

December 27, 2021


وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی 15 ارب روپے مالیت کی جائیدادیں واگزار کروالی گئی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ ناجائز قابضین سے متروکہ وقف املاک بورڈ کی 15 ارب روپےمالیت کی جائیدادیں واگزار کروائی گئی ہیں جن میں سے 6 ارب روپے کی پراپرٹیز لاہور میں ہیں۔ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی اور صدیق الفاروق کے خلاف ملی بھگت کے ثبوت ملے ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیس کا چالان عدالت میں جمع کروادیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے پر چینی اسکینڈل کا چالان بھی جمع کروادیں گے۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس پر سوال کے جواب میں ڈاکٹر رضوان نے کہا 4370 صفحات پر مشتمل چالان عدالت میں جمع ہوچکا ہے، دنیا میں کون سا ملک ہوگا جہاں مردہ شخص کے نام اکاؤنٹ چلتا رہے اور چپڑاسیوں کے اکاؤنٹ سے 16 ارب برآمد ہوں۔

ڈاکٹر رضوان کا مزید کہنا تھا کہ دو ٹیمیں شوگر اسکینڈل کی تحقیقات کررہی ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر چالان جمع کروا دیا جائےگا۔