تھرپارکر میں کارونجھر پہاڑ کاٹنے کا کام فوری روکنے کا حکم

December 29, 2021


تھرپارکر میں عدالت نے کارونجھر پہاڑ کاٹنے کا کام فوری روکنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ایس ایس پی تھرپارکر کو حکم دیا کہ پہاڑ کاٹنے کی مشینری فوری ہٹائی جائے، جو گاڑیاں پتھروں سے بھری ہیں، خالی کی جائیں۔

عدالت نے ونگ کمانڈر 36 رینجرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ماتحت چیک پوسٹوں سے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہاں پتھروں سے بھری گاڑیوں کو روک لیا جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ اگر پہاڑ سے قیمتی گرینائٹ پتھر نکالنے والی کمپنی کوہ نور ماربل انڈسٹری اور ایف ڈبلیو او کو کوئی اعتراض ہے تو دس دن میں عدالت سے رجوع کریں۔

عدالت نے کہا کہ پہاڑوں کی کٹائی سے مقامی لوگوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہورہے ہیں۔ ننگرپارکر کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کیخلاف حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت منگل تک کیلئے ملتوی کردی تھی۔

کراچی رجسٹری میں دو رکنی بینچ نے کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کیخلاف درخواست کی سماعت کی تھی۔