اومیکرون سے تحفظ کیلئے بروقت اقدامات کی ضرورت ہے‘ فافن

December 29, 2021

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے کورونا وائرس کی وباء سے متعلق شہریوں کے رویوں اور حکومتی اقدامات میں کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے شعبہ صحت کی ترجیحات کی سمت درست کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں وبائی امراض سے بروقت نمٹا جاسکے۔ ملک بھر کے 64اضلاع میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے عوامی و حکومتی سطح پر کئے گئے اقدامات کے جائزے پر مبنی فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے نئے مریضوں اور اموات کی شرح میں کمی کے باوجود اومیکرون کے پھیلاؤ کی صورت میں شعبہ صحت کو مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ واضح رہے کہ اب تک کراچی اور اسلام آباد میں اومیکرون کی موجودگی کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ بلوچستان میں اومیکرون کے 12 مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں۔ رواں سال جنوری تا ستمبر کے عرصے میں کورونا وائرس کے 48،906 نئے مریضوں اور اس کی وجہ سے ہونے والی 183 اموات نے ملک کے نظامِ صحت کو مسلسل دباؤ کا شکار رکھا ہے۔