وسیم اکرم کا سالِ نو پر خود کو ’ریمبو‘ سمجھنے والوں کے لیے خاص پیغام

January 01, 2022

فوٹو، اسکرین گریب

قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری بولر وسیم اکرم نے سالِ نو کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کر کے خود کو ریمبو سمجھنے والے نوجوانوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے نئے سال کی مبارکباد دی۔

اسی ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں کہ وہ شو آف کرنا بند کریں، انہوں نے فائرنگ کو شو آف کہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں اسے شو آف اس لیے کہہ رہا ہوں کہ رات کے 12 بجے ایسے فائرنگ کرتے ہیں جیسے یہ خود ریمبو ہوں کوئی۔

انہوں نے کہا کہ سالِ نو کی خوشی پٹاخوں اور پھلجڑیوں سے بھی منائی جاسکتی ہے، میں نے بھی اپنی بیٹی کے ساتھ ایسے ہی خوشی منائی تھی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ جس گولی نے اوپر جانا ہے اس نے واپس نیچے ہی آنا ہے، اور نیچے آکر وہ کسی کو بھی لگ سکتی ہے۔

انہوں نے ویڈیو پیغام کے ساتھ جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اگر ہم اپنے ملک کی بہتری چاہتے ہیں تو تبدیلی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی اس ویڈیو پیغام پر ردعمل دیا اور لوگوں کو وسیم اکرم کے پیغام پر عمل پیرا ہونے کا کہا۔