سال نو پر PTI کو عوام کی خوشی برداشت نہیں ہوئی، شہبازشریف

January 01, 2022

فائل فوٹو

مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سال نو پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی۔

شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ نئے سال پر پیٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفیٰ دے دیتے، دنیا میں حکومتیں خوشی کے تہواروں پر اشیاء سستی کرتی ہیں جبکہ عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دوسر ا نام ظلم، استحصال اور بے حسی ہے، عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اپنی حماقتوں کی سزا قوم کو نہ دیں، نئے سال میں قوم کو مہنگائی، معاشی تباہی، بےروزگاری سے بچانے کے لئے ظالم حکومت سے نجات پانا ہوگی۔

نون لیگ کے صدر شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ دعا ہے کہ نیا سال عذابوں سے نجات کی شروعات کا سال بن جائے۔