کراچی: آج ہلکی، کل تیز بارش کی نوید

January 05, 2022


محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کل رات تیز بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہرِ قائد کراچی میں کل شام تک وقفے وقفے سے بوندا باندی اور معتدل بارش جاری رہنے اور رات میں تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جمعے کی صبح مغربی ہواؤں کا سلسلہ سندھ سے نکل جانے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ ملک کے شمالی حصوں میں پہاڑوں پر برف باری کا باعث بن سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے یہ بھی بتایا کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 17 یا 18 جنوری کو ایک بار پھر بلوچستان پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق پسنی میں مغربی ہواؤں کے سلسلے نے اب تک 115 ملی میٹر بارش برسائی، پسنی میں 1991ء کے بعد یہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ پسنی میں 1991ء میں 24 گھنٹوں میں 131 اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز بارش ہوئی تاہم صبح ہونے پر بارش کا سلسلہ رک گیا، شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سرد ہو گیا۔

کئی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، تاہم ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے پانی کی وجہ سے شہرِ قائد میں کہیں پر ٹریفک جام نہیں ہے۔

لیاقت آباد انڈر پاس میں اور حیدری مارکیٹ کے روڈ پر چند مقامات پر پانی جمع ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر بھی چند مقامات پر اور نیپا پل پر بھی پانی جمع ہے، تاہم ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

دوسری جانب شہر کی مصروف ترین شارعِ فیصل پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے۔

ادھر نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی کے علاقے میں سڑکوں پر کہیں کہیں پانی جمع ہے جبکہ کئی گلیوں میں پانی جمع ہونے سے مکینوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔