اقوام متحدہ کو وعدے کا پاس رکھنا چاہیے، صدر عارف علوی

January 05, 2022

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر کے یوم حق خود ارادیت کے موقع اپنے پیغام میں کہا ہے کہاقوام متحدہ کو 73 سال قبل کیے گئے وعدے کا پاس رکھنا چاہیے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی زیر نگرانی جمہوری طریقے سے فیصلہ کیا جائے، تنازع کشمیر کا آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری سے فیصلہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو دہرے لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، آج کشمیریوں سے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کے وعدے کو 73 سال ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ سے کئے گئے وعدے کو عملی شکل دینے کے منتظر ہیں، عالمی برادری تنازع کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے آج ہی کے دن کشمیریوں کو پاکستان یا بھارت کے ساتھ الحاق کا حق دیا تھا۔