کسی اور کے وعدے مکمل پیپلز پارٹی کر رہی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

January 05, 2022

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ وعدے کوئی اور کر رہا ہے مکمل پیپلز پارٹی کر رہی ہے، کراچی کی اگر کوئی خدمت کر رہا ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔

ککری اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ سلیکٹ کوئی اور ہوا، خدمت صرف پیپلز پارٹی کر رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کل کراچی میں تیز بارشیں ہوئیں، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا بندہ نظر نہیں آیا، صرف پیپلز پارٹی کے لوگ سڑکوں پر تھے، دوسروں نے لوگوں سے بہت سارے وعدے کیے مگر کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آئین کے مطابق پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، یہ لوٹ کھسوٹ کی سیاست اب بند ہونی چاہیے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ گذری میں ترقیاتی کام اور کھارادر اور اولڈ نیبر ہوڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔