تدفین کا تنازع: 7 ماہ قبل انتقال کرجانے والے پیر کی میت نکال لی گئی

January 07, 2022

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 7 ماہ قبل انتقال کرجانے والے شخص کی میت قبر سے نکال لی گئی۔

پولیس کے مطابق سوتیلے بھائیوں کے مابین والد کی تدفین کے حوالےسے تنازعہ تھا۔ چھوٹے بیٹے کی مدعیت میں اس کے دو سوتیلے بھائیوں کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کےمطابق علاقہ گڑھ فتح شاہ میں گزشتہ رات مسلح افراد پیر بہادر علی شاہ کی قبر کھود کر میت کو نکال کر ساتھ لے گئے۔

پیر بہادر شاہ کا 7 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی تدفین گڑھ فتح شاہ میں کرکے ان کے چھوٹے بیٹے نے ان کا مزار بھی تعمیر کیا تھا۔

پولیس کے مطابق مرحوم کے دو بڑے بیٹے اوکاڑہ میں تدفین کرنا چاہتے تھے، بھائیوں کا اس معاملے پر تنازعہ تھا۔

گزشتہ رات دونوں بڑے بھائی دیگر مسلح افراد کے ہمراہ آئے اور والد کی میت نکال کر ساتھ لے گئے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر مزار کے ایک مجاور کو بھی اغواء کیا ہے۔

پولیس نے مرحوم کے چھوٹے بیٹے کی مدعیت میں اس کے دونوں سوتیلے بھائیوں سمیت 11 نامزد اور 25 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔