راجا پرویز اشرف کا وزیراعظم اور کابینہ کے استعفیٰ کا مطالبہ

January 10, 2022

سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا سے گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا ایک اور طوفان آرہا ہے، جس سے شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غریب مکان اور اسکول کی فیس نہیں دے سکتا، احتجاج کل اور پرسوں بھی کریں گے، ملک کے عوام پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو کھاد نہیں مل رہی، کھاد بلیک میں بیچی جارہی ہے، کسان کو کھاد، پانی اور بجلی نہیں مل رہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مزید انتظار نہیں کرسکتے، آپ نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا، جھوٹے دعوے کرنے والوں آپ کا جانے کا وقت آگیا ہے۔

راجا پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ مری میں انتظامیہ، صوبائی حکومت کہاں تھی، آپ کی نا اہلی، ناکامی لوگوں کی جانیں لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی بنچوں پر باضمیر لوگ بھی اپوزیشن کا ساتھ دیں گے، ہم وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔