فارن فنڈنگ کیس: شہباز شریف کا پکڑے گئے 8 والیمز کو سامنے لانے کا مطالبہ

January 11, 2022


اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے آٹھ والیمز کو سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔

فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے ایک بیان میںمسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ8 والیمز خفیہ رکھنا قانوناً جرم ہے، تمام ریکارڈز، بینک اکاؤنٹس اور فارن فنڈنگ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 8 والیمز، 28 بینک اکاؤنٹس اور متعلقہ دستاویزات کو چھپایا نہیں جاسکتا، فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانیوالے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے، ان والیمز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام خفیہ بینک اکاؤنٹس اور غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات ہیں۔

مسلم لیگ نون کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سات سال تک الیکشن کمیشن اور قوم سے حقائق چھپائے، دوسروں کی تین نسلوں کے حساب کا مطالبہ کرنے والا اپنے 8 والیمز کی تفصیلات چھپانا چاہتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کی تحقیقات کا مطالبہ ریکارڈ سامنے لانا تھا، اسے چھپانا نہیں، الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کی کسی دباؤ، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے، یہ حقائق عوام کی امانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا چھپانا عمران خان کے جرم کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس اور کھاتوں کا جو ریکارڈ ڈھونڈا ہے، وہ بے نقاب ہوچکا ہے، پی ٹی آئی کے 6 غیرملکی بینک اکاؤنٹس اور دیگر چھپائی گئی تفصیلات پبلک کی جائیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کی تمام تفصیلات عوام کو بتانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔