میئر لندن کا حکومت سے ماہر تعمیراتی ورکرز کیلئے عارضی ویزا اسکیم کا مطالبہ

January 15, 2022

لندن (وجاہت علی خان)میئرلندن صادق خان نے حکومت سے تعمیراتی ورکرز کے لیے عارضی ویزاسکیم کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کے لیے سستے گھربنانےکی کوششوں کو خطرات لاحق ہیں،کیونکہ بریگزٹ سے پہلے دارالحکومت کاتعمیراتی صنعت کادارومدار یورپی کارکنوں پرتھا جب کہ تین برس میں54فیصد ورکرز کم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بریگزٹ کے بعد مجموعی طور پر افرادی قوت کی شدید کمی کے باعث لندن کے میئر صادق خان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خصوصی طورپر تعمیراتی کاموں کے ماہر کارکنوں کیلئے عارضی ویزا سکیم کا اعلان کیا جائے تاکہ عمارات کی صنعت پر بریگزٹ اور کووڈ 19 کے دہرے اثرات سے نمٹا جاسکے، میئر صادق خان نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ وزرا کم ازکم ایک سال کا کورونا وائرس ریکوری ویزا بنائیں تاکہ تعمیرات سمیت مزدوروں کی کمی سے دوچار شعبوں کی مدد کی جاسکے، میئر علاقائی قلت کے شعبوں سے فہرستیں بھی طلب کررہے ہیں تاکہ لندن اور دیگر شہروں کو درپیش مزدوروں کی کمی کو دور کیا جاسکے، میئر کے مطابق بریگزٹ سے پہلے دارالحکومت لندن کا دارو مدار تارکین وطن کے تعمیراتی کارکنوں پر تھا، جن میں آدھی سے زیادہ افرادی قوت یورپی یونین ممالک سے تھی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ یورپی یونین سے دارالحکومت میں تعمیراتی کارکنوں کی تعداد2020ء تک تین سال میں54فیصد کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میئر بننے کے بعد ہائوسنگ بحران سے نمٹنا میری اولین ترجیح رہا ہے، ہم نے اس سلسلے میں گزشتہ پانچ سال کے دوران سخت محنت کی ہے، اس لیے تعمیراتی شعبہ لندن کے کووڈ ریکوری پلان کا اہم حصہ ہے لیکن کارکنوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے لندن میں لوگوں کو سستے گھروں کی تعمیر کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خطرات لاحق ہیں کیونکہ ہنرمند تعمیراتی ورکر نایاب ہیں۔ انہوں نے کہا، حکومت اس بحران کو تسلیم کرے جو ہماری اہم صنعتوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔