ایشز: انگلینڈ خالی ہاتھ رہ گیا، آسٹریلیا 0-4 سے فاتح

January 16, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے عمدہ بولنگ کے ذریعے انگلینڈ کو 146 رنز سے ہرا کر سیریز 0-4 سے اپنے نام کر لی۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 271 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کے زیک کرولی 36 اور رائے برنس 26 رنز کےساتھ نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، اسکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں 303 اور دوسری میں 155 رنز بنائے تھے۔

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم کی بیٹنگ لائن کوئی نمایاں کارنامہ انجام نہیں دے سکی اور پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 188 جبکہ دوسری میں 124 رنز بناسکی۔

آسٹریلیا نے 5 ٹیسٹ کی سیریز 0-4 سے جیت لی، ٹریوس ہیڈ کو شاندار بلے بازی کی بدولت نہ صرف میچ کا بلکہ 357 رنز اسکور کرنے پر سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔