اسکولوں سے متعلق فیصلے صوبوں کی مشاورت سے ہونگے، این سی او سی

January 17, 2022

این سی او سی نے ملک بھر میں 10 فیصد یا اس سے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں کے لیے نئے ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبوں کی مشاورت سے نئے ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے گی، اسمارٹ لاک ڈاؤن یا ایک دن چھوڑ کر اسکول کھولنے جیسے فیصلے صوبوں کی مشاورت سے ہونگے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی وزیر اسد عمر اور نیشنل کوارڈینیٹر میجر جنرل ظفر اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت اور صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت شریک ہوئے۔

اجلاس میں کورونا پھیلاؤ روکنے کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی اجلاس میں کورونا صورتحال اور اومی کرون کی موجودہ لہر کے دوران تعلیمی سرگرمیوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کےلیے تجویزکردہ نئے ایس اوپیز پر مشاورت کی گئی، عمل درآمد آئندہ 48 گھنٹوں میں تمام شراکت داروں کی حتمی مشاورت کے بعد ہوگا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ کورونا پازیٹو کیسز کے تحت کیا جائے گا جس کے لیے تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کورونا کی ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔

این سی او سی اجلاس میں اومی کرون کے عالمی اور علاقائی پھیلاؤ پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر صحت یاسمین راشد نے این سی او سی اجلاس میں پنجاب کی کورونا صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسکولوں اورکالج کے 80 فیصد طلبہ کو ویکسینیٹ کر دیا ہے، نہیں چاہتے کہ تعلیمی ادارے بند ہوں، کیونکہ پہلے ہی تعلیم کا بہت نقصان ہوچکا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کی صورتحال قابومیں ہے،صوبے کی 57فیصد آبادی (4کروڑ60لاکھ سے زائد ) کو مکمل ویکسینیٹ کرچکے ہیں،ریچ ایوری ڈور ویکسینیشن مہم میں1 کروڑ 40 لاکھ آبادی کو ویکسینیٹ کیا ہے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور اور فیصل آباد میں 31جنوری تک ڈور ویکسینیشن مہم فیز2 جاری رہے گی،عوام کوروناسے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں،اومی کرون ویرینٹ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث محکمۂ صحت اقدامات کر رہاہے۔