حسیب ﷲ خان نے کونسا اعزاز اپنے نام کیا؟

January 18, 2022

بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسیب ﷲ خان چھٹے پاکستانی بیٹر بن گئے جنہوں نے انڈر 19ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے بیٹر حسیب ﷲ نے زمبابوے کے خلاف 135رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جس میں انہوں نے 10چوکے اور 4 چھکے لگائے تھے۔

حسیب ﷲ خان سے پہلے یہ اعزاز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، امام الحق، بزید خان، حسن محسن اور عمر مسعود کے پاس تھا۔

حسن محسن اور عمر مسعود نے 2016ء کے انڈر 19ورلڈ کپ میں سنچریاں بنائی تھیں۔

قومی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی امام الحق بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے انڈر 19ورلڈ کپ میں سنچری بنائی، انہوں نے 2014ء کے ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انڈر 19ورلڈ کپ میں دو بار سنچریاں بنائیں، پہلے سنچری 2010ء میں ہونے والے عالمی کپ میں بنائی تھی جبکہ دوسری 2012ء میں اسکور کی تھی۔

بزید خان قومی ٹیم کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 1998ء میں ہونے والے انڈر 19 کے عالمی کپ میں سنچری بنائی تھی۔

خیال رہے کہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے زمبابوے کو 115رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔