ثانیہ مرزا کو مستقبل میں بطور کمنٹیٹر سننا چاہتا ہوں، اظہر الدین

January 20, 2022

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین کا کہنا ہے کہ وہ ثانیہ مرزا کو مستقبل میں بطور کمنٹیٹر سننا چاہتے ہیں۔

اظہر الدین نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ثانیہ مرزا کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ ثانیہ مرزا، آپ کو شاندار ٹینس کیریئر کے لیے بہت مبارک ہو‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ’ وہ مستقبل میں ثانیہ کو بطور ماہر کمنٹیٹر سننے کے منتظر ہیں‘۔

خیال رہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نےگزشتہ روز آسٹریلین اوپن ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیاہے۔

میلبرن میں میڈیا سے گفتگو میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ 2022ء میرا آخری ٹینس سیزن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی کئی وجوہات ہیں، لیکن سادہ سی بات یہ ہے میں نہیں کھیلوں گی۔

بھارتی ٹینس اسٹار نے مزید کہا کہ میری ریکوری طویل ہورہی ہے اب مجھے 3 سال کے بیٹے کا بھی سوچنا ہے، جس کے ساتھ زیادہ سفر کرکے اسے بھی خطرے میں نہیں ڈال سکتی۔