کورونا فنڈز میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی، مریم اورنگزیب

January 20, 2022

فائل فوٹو

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہکورونا سے متعلق فنڈز کا حکومت نے ریکارڈ فراہم نہیں کیا، کورونا فنڈز میں 40 ارب روپے کی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کو پبلک نہیں کیا گیا اور نہ جواب دیا گیا، وفاقی کابینہ نے اپنے ہی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے کورونا ریلیف فنڈ کا بھی ریکارڈ ابھی تک مہیا نہیں کیا گیا، کے پی کے کورونا ریلیف فنڈ میں 36 کروڑ60 لاکھ کی ادائیگیوں کا ریکارڈ نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا ریلیف فنڈ میں خیبرپختونخوا کی عوام کا خون نچوڑا گیا، کورونا فنڈ کے354 ارب میں سے 40 ارب روپے وفاق نے کھائے۔

خیال رہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ مالی سال کے لیے محکمہ صحت کے کورونا فنڈز کے خصوصی آڈٹ کے دوران ایک ارب 38 کروڑ روپے کی سنگین بے ضابطگیاں اور 29 کروڑ روپے کی فراڈ ادائیگیاں پائی گئی تھیں۔