لاہور دھماکے میں چھٹیوں کے بعد کام پر آنے والا رمضان بھی جاں بحق

January 20, 2022


لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں دکانوں کے قریب زور دار بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والا رمضان مٹھائی کا کام کرتا تھا جو چھٹیوں کے بعد ہی آج کام پر آیا تھا، اس کے بھائی کا کہنا ہے کہ ہم مرید کے کے رہائشی ہیں۔

بم دھماکےمیں جاں بحق نوجوان رمضان کے بھائی نے میو اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مریدکے کے رہائشی ہیں، بھائی چھٹی کے بعد آج کام پر آیا تھا۔

رمضان کے بھائی نے بتایا کہ میرا بھائی رمضان مٹھائی کا کام کرتا تھا، اس کی عمر 30 سال تھی، 4 سال کی ایک بیٹی ہے۔

بم دھماکے میں جاں بحق بچے ابصار کے ماموں نے میو اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ انار کلی کے پاس ایک ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، بچوں کو انار کلی بازار دکھانے کے لیے لائے تھے اچانک دھماکا ہوگیا۔

ابصار کے ماموں نے بتایا کہ ان کی آج شام کی کراچی واپسی کے لیے ٹکٹیں بک تھیں، اب کراچی نہیں، مظفر آباد جائیں گے۔

دھماکے میں جاں بحق دونوں افراد کی میتیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال سے ڈیڈ ہاؤس منتقل کردی گئی ہیں۔