پاکستان انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

January 21, 2022

برائن لارا اسٹیڈیم ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے گروپ سی کے ایک میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو 24 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

240 رنز کے تعاقب میں افغانستان انڈر 19 کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز ہی بناسکی، اویس علی نے تین جبکہ قاسم اکرم نے دو اور معاذ صداقت نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بلال سعیدی 42 اور اعجاز احمدزئی 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹاپ آرڈر عبدالفصیح کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔

عبدالفصیح نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 68 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر احمد شہزاد نے 43 اور کپتان قاسم اکرم نے 38 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں معاذ صداقت کی 37 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے بھی اسکور کو 230 کے پار لے جانے میں مدد کی۔

حریف ٹیم کے اظہار الحق نے تین جبکہ نور احمد اور نوید زادران نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔