جیو نیوز پاکستانی کمیونٹی کا مقبول ترین چینل ہے، منیر حسین، PPNE وفد کا جیو ہیڈ آفس کا دورہ

January 23, 2022

اسٹاک ہوم (زبیر حسین) پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ (پی پی این ای) سویڈن چیپٹر کے ترجمان منیر حسین اور مبین حسین نے یاسر عباس انٹرنیشل کوآرڈی نیٹر برائے سیلز اینڈ مارکیٹنگ جیو نیوز کی دعوت پرکراچی میں قائم جیو نیوز کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے عزیر امیرعلی لاکڑ والاسینئر مینجرجیو انٹرنیشنل سیلز اینڈ مارکیٹنگ اور سیف انصاری ایسوسی ایٹ مارکیٹنگ مینجر جیو انٹرنیشنل سے خصوصی ملاقات کی،ملاقات کے دوران اسکینڈے نیویائی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لئے جیو نیوز کی کوریج اور نشریات کے حوالے سے معاملات زیرِغورآئے، اس حوالے سے جیو نیوز کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جیو نیوز کی یورپ بھر میں نشریات کیلئے ایک لائحہ عمل طے کرلیا ہے اور انشاللہ بہت جلد اسے نافذالعمل کرکے یورپ بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ہر سطح پر آواز بنیں گے۔ منیر حسین کا کہنا تھا کہ اسکینڈے نیویائی ممالک خصوصاً سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ، کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی تعداد کیلئے ایسے نشریاتی ادارے کی اشد ضرورت ہے جو مقامی خبروں اور معلومات کو قومی زبان میں کمیونٹی کے ہر فرد تک پہنچا سکے، ان کا مزید کہنا تھا کہ جیو نیوز مستند خبرو ں کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کا مقبول ترین چینل ہے۔ جیو نیوز پاکستان کا پہلا نجی ٹی وی چینل ہے جونا کہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقیم تمام تر پاکستانی کمیونٹی میں مستند خبر رساں ذرائع کے طور پر مقبول ہے، اس لئے جیو نیوز کو اسکینڈے نیویائی ممالک کے حوالے سے خبروں کو پاکستانی کمیونٹی تک پہنچانے میں اپنا کردار ضرور اداکرنا چاہئے۔مبین حسین نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ چونکہ پاکستان کی ثقافت و تجارت کو یورپ بھر میں پروموٹ کرنے کے حوالے سے کوشاں ہے، اس لئے ہم میڈیا کی اہمیت سے باخوبی واقف ہیں کہ میڈیا کے بغیر پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر میں متعارف کروانا کتنا مشکل ہے۔ وفد نے عزیر امیر علی، سیف انصاری اور یاسر عباس کو جمسا انٹرنیشنل یورپ کی جانب سے یورپ بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لئے ان کی خدمات کے حوالے سے اعزازی شیلڈز ، اسناد اور اجرک تحفے میں پیش کیں۔