شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیا یا ان سے لیا گیا؟

January 24, 2022

وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیا یا پھر ان سے یہ استعفیٰ لیا گیا؟ اس حوالے سے نیا دعویٰ سامنے آگیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے ذریعے شہزاد اکبر کو پیغام بھیجا۔

جیو نیوز نے شہزاد اکبر کو سوال بھیجا مگر انہوں نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر نے شیخ رشید کی زیرِصدارت کابینہ کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کی، شہزاد اکبر سے رابطہ کیا تو بتایا گیا وہ اہم میٹنگ میں ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کرلیا، شہزاد اکبر نے مشیر احتساب و داخلہ کے عہدے سے آج استعفیٰ دیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا امید ہے عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے۔

شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی سے وابستہ رہوں گا، قانونی برادری کے ممبر کی حیثیت سے اپنا حصہ ڈالتا رہوں گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نے شدید دباؤ میں کام کیا، مافیاز پر کام کرنا آسان نہیں تھا۔

ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر کے استعفیٰ پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر نے بہترین طور پر کیسز کو دیکھا۔