لودھراں کے نامزد ملزم کا کراچی میں رکشہ گینگ

January 31, 2022

لودھراں کے نامزد ملزم کا کراچی میں رکشہ گینگ

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے چھینے گئے رکشہ میں وارداتیں کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ایک ملزم پنجاب کے ضلع لودھراں میں 14 سے زائد مقدمات میں نامزد اور مطلوب ہے۔

سب ڈویژنل پولیس آفیسر درخشاں اے ایس پی رانا محمد دلاور کے مطابق ڈیفنس تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 2 ایکسٹینشن میں رکشہ میں سوار 2 ملزمان نے لوٹ مار کی اور فرار ہوگئے ۔

اطلاع ملنے پر ڈیفنس پولیس نے کارروائی کرکے دونوں ملزمان صغیر احمد اور محمد ارشد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے چھینا گیا رکشہ ، اسلحہ اور موبائل فون وغیرہ برآمد ہوئے ۔

ایس پی رانا دلاور کے مطابق گرفتار ملزم صغیر احمد اس گروہ کا سرغنہ ہے جو پنجاب کے ضلع لودھراں میں مختلف جرائم کے 14 مقدمات میں نامزد ملزم ہے۔

ملزم کے گرفتار ساتھی ارشد کے کرمنل ریکارڈ کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔

رانا محمد دلاور کے مطابق ملزمان کے تین ساتھی فرار ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔