دعا منگی کیس کے مرکزی ملزم کے فرار ہونے کا معاملہ، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور زیرحراست

February 01, 2022

دعا منگی اغوا برائے تاوان کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کے اکثر زیر استعمال رہنے والی آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ فرار کے روز بھی ملزم اسی آن لائن ٹیکسی میں عدالت اور پھر شاپنگ مال تک گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہمیشہ ایک ہی آن لائن ٹیکسی مرکزی ملزم زوہیب قریشی کے زیر استعمال رہتی تھی جسے وہ خود کال کر کے بلواتا تھا اور ہمیشہ وہی پولیس اہلکار ملزم کے محافظ کم خدمت گار کے طور پر ڈیوٹی کرتے چلے آ رہے تھے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق آؤٹ ڈور مصروفیات میں زوہیب کا موبائل فون کورٹ پولیس اہلکاروں کے پاس جمع رہتا تھا۔ پرائیویٹ کمپنی کا ڈرائیور عمیر پہلے بھی کئی دفعہ زوہیب کو کورٹ لے جا چکا ہے۔


تفتیشی ذرائع کے مطابق فرار والے دن کار ڈرائیور نے 2 ہزار روپے طے کئے تھے اور فرار کے وقت کورٹ پولیس نے 1500 دیئے۔ ڈرائیور عمیر پہلے بھی زوہیب قریشی کو متعدد بار عدالت سے گھر لے جا چکا ہے۔

تفتیشی پولیس نے ڈرائیور عمیر کو شامل تفتیش کرلیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق شاپنگ مال سے فرار کے بعد ملزم مبینہ طور پر ایک رکشے میں فرار ہوا۔