دعا منگی کیس، مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے بڑے اقدامات

February 01, 2022

دعا منگی اغواء برائے تاوان کیس کا ملزم زوہیب قریشی گزشتہ دنوں پولیس کی حراست سے فرار ہو گیا

کراچی پولیس کی جانب سے کورٹ پولیس کی حراست سے دعا منگی اغواء برائے تاوان کیس کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے اقدامات سامنے آئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم زوہیب علی قریشی کے ملک سے فرار کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے لکھے گئے خط کے بعد امیگریشن حکام نے ملک کے تمام ایئر پورٹس پر ملزم کی سفری دستاویزات فراہم کر کے گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

کراچی پولیس کی جانب سے ملزم زوہیب علی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے بھی نادرا کو خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ ایسے ہی ایک اور خط پر وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ملزم زوہیب علی قریشی کا پاسپورٹ بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی میں طارق روڈ سے فرار ہونے والے ملزم زوہیب قریشی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو درخواست کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق زوہیب قریشی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی غیر معمولی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔