پنجگور اور نوشکی میں سیکورٹی فورسز پر حملے کی کوششیں ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

February 03, 2022

فائل فوٹو

دہشت گردوں کی پنجگور اور نوشکی میں سیکورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب پنجگور میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کے کیمپ میں دو اطراف سے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیکورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنادی گئی اور دہشت گرد فرار ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے والوں کا تعین کیا جارہا ہے۔