• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کا ٹیکس دائرہ کار اور آمدن بڑھانے پر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد چیمہ، عطاء اللّٰہ تارڑ اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایسے افراد اور شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں جو استعداد کے باوجود ٹیکس نہیں دیتے، ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسران و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی شرح کو کم کر کے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں، سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمباکو کے شعبے میں ٹیکس آمدن کے لیے صوبوں کے ساتھ اقدامات تیز کیے جائیں، ٹیکس سے متعلق زیرِ التواء مقدمات کی مؤثر پیروی کر کے ملک و قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے، ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنی ذمے داری کو نبھانا ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید