وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت کے ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، غیر ضروری تحفظ کے دور کا خاتمہ ضروری ہے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس کی قیادت پاکستان بزنس کونسل کے سابق چیئرمین شبیر دیوان نے کی۔
ملاقات میں حکومت کے ٹیرف میں اصلاحات کے پروگرام پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقی ترجیح ہے، یہی معاشی استحکام کےلیے واحد قابل عمل راستہ ہے، پیداوار میں اضافہ اور عالمی منڈیوں کی جانب رجحان اپنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ تحفظاتی نظام ختم کرنا ہوگا تاکہ مسابقت پر مبنی مارکیٹ کو فروغ دیا جاسکے، وزیراعظم ذاتی طور پر ان پالیسی اصلاحات کی نگرانی کر رہے ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو اصلاحات کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی اخراجات کی بلند شرح، مہنگی توانائی، پیچیدہ ٹیکس نظام جیسے مسائل حل کرنا ضروری ہے، آئندہ وفاقی بجٹ کو حکمت عملی پر مبنی دستاویز کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔