اپوزیشن ملاقاتیں آپسی جاسوسی کا ایک بہانہ ہیں، فیاض چوہان

February 05, 2022

فوٹو: فائل

پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن جماعتوں کی ملاقاتیں آپسی جاسوسی کا ایک بہانہ قرار دے دیا۔

لاہور سے جاری بیان میں فیاض چوہان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری کا غم اقتدار سے دوری ہے جبکہ ان کی کہانی کرپشن کی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی نے غیر متحد اپوزیشن کی نیندیں حرام کردی ہیں، سب جانتے ہیں اپوزیشن کا اتحاد ریت کی دیوار سے زیادہ کمزور ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی پی اور ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف سازش کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں۔

فیاض چوہان نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ملاقاتیں بھی شاید ایک دوسرے کی جاسوسی کرنے کا ایک بہانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سال ہوگئے، اپوزیشن آپس میں صلاح مشورے کرنے میں مشغول ہے، آئندہ بھی اپوزیشن باتیں اور ملاقاتیں جبکہ حکومت عوامی خدمت کرتی رہے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر اُجاگر کیا، کشمیر کاز کو دانستہ نقصان پہنچانے والی ن لیگ کو حکومت پر تنقید زیب نہیں دیتی۔