محسن بیگ سے متعلق جج کا فیصلہ مینڈیٹ سے متجاوز ہے ،ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد

February 17, 2022

محسن بیگ (دائیں)، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللّٰہ نیازی (بائیں) ۔ فوٹوز: فائل

ایڈو کیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللّٰہ نیازی کا کہنا ہے کہ محسن بیگ نے ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ کی، ایڈیشنل سیشن جج نےجو فیصلے میں لکھا ہے وہ مینڈیٹ سے تجاوز ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’ آج شاہ زیب خانزادہ کےساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا کہ آبزرویشن دینا جج کا مینڈیٹ نہیں تھا۔

نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا کہ اہلکاروں پر حملہ کرنے کی اجازت کس نےدی ہے، جج صاحب کے سامنے ایف آئی آر آگئی تھی۔

ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ہم چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں، پٹیشن کے اندراج پر جج عہدے سے فارغ بھی ہوچکے ہیں۔

نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا کہ کسی جج کےخلاف کوئی غیر قانونی کارروائی نہیں ہورہی، ایف آئی آر درج ہوئی، اس پر ریاست کے اہلکار کارروائی کے لیے گئے، قانون کی حکمرانی سب کے لیے برابر ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں صحافی محسن بیگ کے گھر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے چھاپہ مارا اور محسن بیگ کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چھاپہ مار ٹیم کے ارکان دروازہ پھلانگ کر صحافی محسن بیگ کے گھر میں داخل ہوئے، چھاپہ مارنے والوں کے پاس اریسٹ وارنٹ یا کوئی اور دستاویز نہیں تھی۔

صحافی محسن بیگ کے ملازمین نے دروازہ پھلانگنے والے دو افراد کو پکڑلیا تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اہلکاروں نے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرلیا ہے، صحافی محسن بیگ ٹاک شوز میں حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں۔