فیصل واؤڈا نااہلی کیخلاف سپریم کورٹ پہنچ گئے

February 18, 2022

پی ٹی آئی رہنما فیصل واؤڈا نے الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کےخلاف اپیل دائر کر دی، تاحیات نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، الیکشن کمیشن اور مخالف شکایت کنندگان کو فریق بنایا ہے۔

وسیم سجاد ایڈووکیٹ نے فیصل واؤڈا کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی، فیصل واؤڈا کا اپیل میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں تھا،الیکشن کمیشن مجاز کورٹ آف لاء نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عجلت میں اپیل خارج کی۔

اپیل میںفیصل واؤڈا نے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سینیٹر کے عہدے پر بحال کیا جائے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

انہوں نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ فیصل واؤڈا نے الیکشن کمیشن سے کچھ نہیں چھپایا،الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا،الیکشن کمیشن کے پاس آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق کا اختیار نہیں ہے۔

فیصل واوڈا کا دائر اپیل میں کہنا ہے کہ امریکی شہریت پیدائش سے ہی ملی بعد میں نہیں لی گئی۔