سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جاری اور جمع کروانے کا آج پہلا دن ہے، تاحال 8 کاغذات نامزدگی جاری ہوچکے ہیں۔
الیکشن کمشنر ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ اب تک پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو، اسلام الدین شیخ اور ایوب کھوسہ نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔
ندیم حیدر نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے ریحان منصور، خواجہ سہیل منصور نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کے ہی ناصر خان، عبدالرؤف خان اور سید شاکر علی نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں ۔
الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال کسی نے کاغذات نامزدگی حاصل نہیں کیے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی جنرل نشست فیصل واوڈا کی نااہلی کے فیصلے کے بعد خالی ہوئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی نااہلی کیخلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی تھی۔