شوہر کے قتل کی ملزمہ کا پولیس پر بدسلوکی کا الزام

February 23, 2022

انسٹاگرام کی دوستی پر آشنا سے مل کر اپنے شوہر کو قتل کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والی گرفتار ملزمہ عرین جنت نے کراچی کے تھانے میں برہنہ کرکے تشدد اور ویڈیو بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

ملزمہ کو منگل کو پولیس ریمانڈ ختم ہونے پر جیل بھیج دیا گیا، جیل روانگی سے قبل ملزمہ نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا ہے جس میں مقدمہ کے مدعی اور خاتون ایس ایچ او پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ملزمہ عرین جنت کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ رضوان تفتیشی افسر کے پاس تھانے آتا تھا، میرے پاؤں پر پاؤں رکھ کر سگریٹ پیتا رہتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مدعی رضوان شیخ پاؤں پر پاؤں رکھ کر اقرار جرم کا کہتا تھا، رضوان کہتا رہا کہ ایک دفعہ بول دو میں تمہیں معاف کر دوں گا۔

ملزمہ عرین جنت نے لیاقت آباد میں واقع وومن ویسٹ زون تھانہ میں بھی بدسلوکی کا الزام لگایا ہے، وومن پولیس اسٹیشن میں مدعی کے سامنے آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ملزمہ عرین جنت کا کہنا تھا کہ دو پولیس والیاں دوپٹہ اتار کر اسے آنکھوں پر باندھ کر مجھے رضوان کے پاس لے گئیں، تھانے میں کپڑے اتار کر تشدد کیا گیا، برہنہ ویڈیو بھی بنائی جاتی رہی۔

ملزمہ عرین جنت کے مطابق رضوان کہتا تھا کہ میں اپنی بیوی کو بھی لے کر آتا ہوں وہ بھی اسے مارے گی، وہ کہتا رہا کہ اس کی لے جا کر چھترول کرو، اندر لے جاکر انہوں نے پھر مارا۔

پولیس کے مطابق ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت کے حکم پر ملزمہ عرین جنت کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملزمہ عرین جنت پر انسٹاگرام کے دوست سلمان سے زہر منگوا کر شوہر کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ملزمہ کے ویڈیو بیان پر کراچی پولیس چیف نے سخت نوٹس لیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ انہوں نے ویڈیو دیکھی ہے جس کی تحقیقات کے لئے انہوں نے ایس ایس پی سہائی عزیز کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے، ایس ایس پی سہائی عزیز تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں گی۔

ایس ایس پی سوہائے عزیز کے مطابق انہوں نے ویڈیو دیکھی ہے، جلد کام شروع کریں گی۔