• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسٹاگرام پر دوستی، آشنا نے لاہور سے زہر بھیجا، خاتون نے کراچی میں شوہر کو قتل کردیا

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آشنا سے مل کر اپنے شوہر کو جوس میں زہر ملا کر قتل کرنے والی ملزمہ کو انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے آشنا سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

سینئر سپریٹنڈنٹ ایسٹ انویسٹی گیشن الطاف حسین کے مطابق گزشتہ سال 29 جون کو گلشن اقبال تھانے میں رضوان نامی شہری نے مقدمہ نمبر 828/2021 زیر دفعہ 302/337J درج کرایا تھا۔

مدعی مقدمہ رضوان کے مطابق 27 جون کو ان کے بیٹے یوشعا اپنی اہلیہ ارینا جنت کے ہمراہ گلشن اقبال کے جوس سینٹر میں جوس پینے کے لیے گئے تھے۔

جہاں پر جوس پینے کے بعد یوشعا کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے، ایف آئی آر میں مدعی نے اپنے بیٹے کو زہر دے کر قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کے مطابق انہوں نے تفتیش انسپکٹر حاجی امتیاز کے سپرد کی۔

الطاف حسین کے مطابق دوران تفتیش اس کیس کے سلسلے میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے، حالات و واقعات کے مطابق متوفی یوشعا کی بیوی ارین جنت کی لاہور کے رہائشی کے سلمان سے عرصہ ڈیڑھ سال پہلے انسٹاگرام پر دوستی ہوئی تھی جو آہستہ آہستہ عشق میں بدل گئی، دونوں نے یکجا ہونے کے لئے یوشعا کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس تفتیش کے لیے منصوبہ پر عمل درآمد کےلئے ملزم نے لاہور سے بذریعہ کوریئر سروس چاکلیٹ اور ایک عدد لیڈیز سینڈل ملزمہ کو کراچی بھجوایا۔

ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر فاسفائن (Phosphine) نامی زہر چھپا کر بھیجا۔

ملزمہ کے بیان کے مطابق وقوعہ کے روز متوفی یوشعا کی بیوی چالاکی سے اپنے شوہر کو فریش جوس پلانے گلشن اقبال میں واقع گرینو جوس سینٹر لے گئی اور دھوکے سے اس کے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر ملا دیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

ایس ایس پی الطاف حسین کے مطابق تفتیش کے دوران تمام شواہد جمع کیے گئے، جن کی بنیاد پر انسپکٹر حاجی امتیاز اور ان کی ٹیم نے ملزم سلمان اور متوفی کی بیوی ارینا جنت کو گرفتار کرلیا۔

قومی خبریں سے مزید